گجرات میں جدید پولیس خدمت مرکز کا افتتاح، آر پی او کی کھلی کچہری اور تھانوں کا معائنہ

گوجرانوالہ(کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے ضلع گجرات کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر، جدید اور عوام دوست بنانے کیلئے مختلف تھانہ جات، ڈی پی او آفس، مال خانہ اور عوامی سہولت مراکز کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران آر پی او نے University of Gujrat میں نئے قائم کردہ سٹیٹ آف دی آرٹ پولیس خدمت مرکز کا افتتاح بھی کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے کہا کہ جدید پولیس خدمت مراکز کے قیام کا مقصد شہریوں، خصوصاً طلبہ و طالبات کو ایک ہی چھت تلے شفاف، تیز رفتار اور ڈیجیٹل پولیس سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کے وقت اور وسائل دونوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد اور تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

دورے کے دوران آر پی او نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کنجاہ میں کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا، جس میں طالبات، فیکلٹی ممبران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ آر پی او نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعلقہ افسران کو فوری حل کیلئے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور طالبات کا تحفظ Punjab Police کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بعدازاں آر پی او گوجرانوالہ نے تھانہ مانگوال اور تھانہ کنجاہ کا سمارٹ انسپکشن پولیسنگ سسٹم کے تحت تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران فرنٹ ڈیسک، آن لائن ریکارڈ، روزنامچہ، پینڈنگ درخواستیں، حوالات، مال خانہ، ریکارڈ روم، نفری کی بیرکس اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ آر پی او نے تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق مکمل کی جائے جبکہ تھانے آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے۔

آر پی او نے صدر مال خانہ اور ڈی پی او آفس گجرات کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں مقدماتی املاک، اسلحہ اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے ساتھ کرائم گراف، امن و امان کی صورتحال اور اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری کارروائیوں پر بریفنگ لی گئی۔

دورے کے اختتام پر خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سمارٹ پولیسنگ کا بنیادی مقصد عوام کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کرنا، تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی لانا اور پولیس پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائضِ منصبی میں غفلت، بدانتظامی یا کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے