راولپنڈی(کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 17 مئی سے شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشتگرد مختلف دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا کہ خوارج مقامی آبادی کو دھمکیوں اور جبر کے ذریعے اپنے زیراثر رکھتے تھے اور محفوظ نقل و حرکت کیلئے شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے تھے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا مؤثر محاصرہ کر رکھا ہے۔