خیبر: کھیلوں کے میدان آباد کرنے والے افسر کا تبادلہ، احتجاج کا انتباہ

خیبر (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ضلع خیبر کے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد حسین کے اچانک تبادلے کے بعد کھیلوں کے حلقوں میں شدید مایوسی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ محمد حسین نے گزشتہ ایک سال کے دوران ضلع بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو نمایاں فروغ دیا، جس کے نتیجے میں جمرود سپورٹس کمپلیکس سمیت طویل عرصے سے غیر فعال رہنے والے میدان ایک بار پھر آباد ہو گئے تھے۔

کھلاڑیوں اور سپورٹس ایسوسی ایشنز نے اس فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کا رجحان بڑھ رہا تھا، ایسے وقت میں ایک متحرک افسر کا تبادلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ کھلاڑیوں کے مطابق ابھی کھیلوں کے میدانوں میں رونق بحال ہونا شروع ہوئی تھی کہ اس فیصلے نے ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس تبادلے کے پیچھے بعض حلقوں کی مبینہ سفارشات کا تذکرہ بھی کیا جا رہا ہے، جس پر مقامی سپورٹس حلقوں میں سخت تحفظات پائے جاتے ہیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ میرٹ کے برعکس ایسے فیصلے نوجوانوں کی حوصلہ شکنی کا باعث بنتے ہیں اور اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاجی تحریک شروع کی جا سکتی ہے۔

سپورٹس حلقوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل افریدی سے مطالبہ کیا ہے کہ محمد حسین کے تبادلے کے فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے اور انہیں ضلع خیبر میں اپنی خدمات جاری رکھنے دی جائیں۔ کھلاڑیوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت کھیلوں کے میدانوں کو آباد رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرے گی تاکہ نوجوانوں کا مستقبل محفوظ رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے