ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ٹھٹھہ کے علاقے جھرک کے قریب میٹنگ ریلوے اسٹیشن کے پاس کوئلے کی کان میں افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں مٹی کا تودہ گرنے سے 4 مزدور جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ضیاء اللہ، نور محمد، عرفان اللہ اور سائیں داد شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں محمد حسین، نجیب اللہ، ملک زادہ، نعمت اللہ اور گل حسن شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں اور مزدور رہنماؤں نے حادثے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے حفاظتی انتظامات نام نہاد ہیں۔ سیفٹی آلات اور محفوظ ماحول نہ ہونے کی وجہ سے اس سے قبل بھی علاقے میں متعدد جان لیوا حادثات رونما ہو چکے ہیں، لیکن حکومت اور منرل اینڈ مائنز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اب تک کوئی ٹھوس ایکشن نہیں لیا گیا، جس کا خمیازہ غریب مزدوروں کو اپنی جان دے کر بھگتنا پڑ رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی پر عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے مائنز مالکان کو حفاظتی اقدامات کا پابند بنائیں اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک کانوں میں حفاظتی انتظامات یقینی نہیں بنائے جاتے، ایسے المناک واقعات کا سدباب ممکن نہیں ہے۔