ڈیرہ غازی خان: واسا کی کارکردگی کاغذی کارروائی تک محدود، شہری پریشان

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/نیوز رپورٹر شاہد خان) شہر میں واسا کی کارکردگی ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی ہے، جہاں سیوریج کی بندش اور گندگی کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہری حلقوں نے سنگین الزام عائد کیا ہے کہ مختلف علاقوں میں بارش اور سیوریج کا پانی جمع ہونے کی شکایات کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے، جس سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

شہریوں کے مطابق واسا کے بعض اہلکار عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے دھوکہ دہی کا سہارا لے رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کی تصاویر اور شکایات جب عملے کو بھجوائی جاتی ہیں، تو مبینہ طور پر انہی تصاویر کو سافٹ ویئر کے ذریعے ایڈٹ کر کے "مسئلہ حل” (Resolved) ظاہر کر دیا جاتا ہے اور اعلیٰ افسران کو سب اچھا ہے کی رپورٹ بھیج دی جاتی ہے، جبکہ زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔

متعدد محلوں اور گلیوں میں گندا پانی کھڑا رہنے سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ تعفن کی وجہ سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ واسا کی جانب سے کی جانے والی یہ کاغذی کارروائی شہریوں کے ساتھ سنگین مذاق ہے، جس سے ادارے کی ساکھ بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

شہریوں نے کمشنر ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ اس دھوکہ دہی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی کے ذریعے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے