کراچی(کیو این این ورلڈ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے میدانِ جنگ میں دشمن کو عبرتناک شکست دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فتح صرف جدید ہتھیاروں کی مرہونِ منت نہیں تھی بلکہ یہ قوم کے بلند عزم اور بے مثال حوصلے کی جیت تھی۔
معرکہ حق کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک سال قبل پاکستان شدید غیر یقینی صورتحال کا شکار تھا اور دشمن اس خوش فہمی میں مبتلا تھا کہ وہ پاکستان کو توڑنے یا ہرانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دشمن کی خام خیالی تھی کیونکہ وہ پاکستانی قوم کی اصل طاقت سے واقف نہیں تھا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے جرات، نظم و ضبط اور وقار کے ساتھ وطنِ عزیز کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اتحاد اور قومی یکجہتی کا مظہر ہے اور ان لوگوں کی فتح ہے جنہوں نے کسی بھی قیمت پر دشمن کے سامنے جھکنے سے صاف انکار کر دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے زور دے کر کہا کہ پاکستان نہ کبھی سرینڈر کرے گا اور نہ ہی اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ برداشت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شمال کے پہاڑوں سے لے کر بحیرہ عرب کے ساحلوں تک پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی افواج کے ساتھ ایک صف میں کھڑی رہی، جس نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے سفارتی محاذ پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سفارتکاروں نے دنیا بھر میں پاکستان کا مؤقف انتہائی مؤثر اور واضح انداز میں پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ شور مچانے سے نہیں بلکہ ٹھوس اقدامات سے بنتی ہے، اور اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کامیابی کے بعد ملک کو معاشی اور دفاعی طور پر مزید مضبوط بنائیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہم امن سے نہیں ڈرتے، لیکن امن ہمیشہ باہمی عزت اور احترام کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے دنیا ہم پر شک کر رہی تھی، مگر ہم نے ثابت کر دیا کہ ہم آزمائشوں سے نکھرنے والی اور قربانیوں سے مضبوط ہونے والی قوم ہیں۔