پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی اور آگاہی مہم

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی سے ) حکومت پنجاب کی جانب سے پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی اور آگاہی مہم کے بلند بانگ دعووں کے برعکس، ڈیرہ غازی خان میں ان بیگز کی فروخت اور استعمال میں ذرہ برابر کمی نہ لائی جا سکی۔ شہر میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی کھلے عام فروخت نے محکمہ تحفظ ماحول (EPA) کے اقدامات اور کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔

زمینی حقائق سرکاری دعووں سے مکمل طور پر مختلف ہیں، جہاں شہر کے مرکزی بازاروں اور گلی کوچوں میں "پلاسٹک بیگ فری زون” کا تصور محض فائلوں تک محدود نظر آتا ہے۔ دکاندار بلا خوف و خطر ہر قسم کے پولی تھین بیگز استعمال کر رہے ہیں، خاص طور پر سبزی و پھل کی دکانوں، بیکریوں اور دودھ دہی کی شاپس پر ان کا استعمال عروج پر ہے۔

مقامی شہریوں نے اس صورتحال پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ شہری عبدالمجیدکا کہنا ہے کہ حکومت نے پابندی کا اعلان تو کیا تھا لیکن ڈیرہ غازی خان میں کہیں بھی اس پر عملدرآمد نظر نہیں آ رہا۔ ایک اور شہری منیر احمد کے مطابق اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو اسے صرف تصاویر کھنچوانے کے بجائے زمینی سطح پر ٹھوس کارروائی کرنی ہوگی۔

ماحولیاتی کارکنوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس رجحان کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو یہ شہر کے سیوریج سسٹم اور مجموعی ماحول کے لیے سنگین خطرہ بن جائے گا۔ اب تک کسی بڑی محکمانہ کارروائی کا نہ ہونا انتظامیہ کی عدم دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے، جس نے حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے