گھوٹکی: غیر قانونی ڈیزل اسمگلنگ ناکام، 2 ملزمان گرفتار

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی قیادت میں پولیس نے جرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ڈیزل کی ترسیل ناکام بنا کر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق حساس ادارے کی نشاندہی پر تھانہ اوباڑو پولیس نے نیشنل ہائی وے نزد گاؤں چنالی کے مقام پر کامیاب کارروائی کی، جہاں سے سینکڑوں لیٹر چوری شدہ ڈیزل اور اسے ٹینکیوں سے نکالنے کے آلات برآمد کر لیے گئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت غلام شبیر ولد محمد بچل چاچڑ اور محبوب علی ولد محمد شہبان بھیو کے نام سے ہوئی ہے، جو گاؤں چنالی تعلقہ اوباڑو کے رہائشی ہیں۔

کارروائی کے دوران پلاسٹک ٹینکیوں اور ڈرموں میں موجود 960 لیٹر ڈیزل برآمد کیا گیا، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ ڈیزل غیر قانونی طریقے سے اسمگل کر کے مختلف مقامات پر سپلائی کیا جانا تھا۔

مزید برآمد ہونے والے سامان میں 9 لوہے کے ڈرم، ایک پلاسٹک ٹینکی، ایک لوہے کی کیف، ایک جنریٹر، 4 لوہے کے ٹین اور مختلف کمپنیوں سے چوری شدہ 14 لوہے کے پائپ شامل ہیں۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف کرائم نمبر 86/2026 کے تحت دفعات 279، 285 اور 286 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے