رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) رینالہ خورد میں پولیس کے دو کانسٹیبلوں کی جانب سے شہری کو گن پوائنٹ پر لوٹنے اور ہراساں کرنے کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر تھانہ سٹی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا ملازم زین العابدین اپنے کزن اور خاتون کزن کے ہمراہ شادی ہال سے گھر واپس جا رہا تھا کہ اندرون شہر نہر ٹو ایل پل کے قریب بستی حضور صاحب کے مقام پر گاڑی کا پٹرول ختم ہو گیا۔ اسی دوران تھانہ سٹی رینالہ خورد میں تعینات دو موٹر سائیکل سوار کانسٹیبل، علی سکھیر اور امتیاز، موقع پر پہنچ گئے۔
الزام ہے کہ دونوں اہلکاروں نے شہریوں کو ہراساں کرنا شروع کر دیا، خاتون کی ویڈیو بنائی اور زین العابدین کے کزن اذان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے تھپڑ مارے۔ بعد ازاں ملزمان نے گن پوائنٹ پر زین العابدین سے 22 ہزار روپے نقدی چھین لی۔
مزید برآں، دونوں کانسٹیبلز نے گاڑی کو دھکا لگا کر قومی شاہراہ بائی پاس پر واقع ایک نجی پٹرول پمپ تک پہنچایا اور مسلسل مقدمہ درج کرنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے مزید 20 ہزار روپے کا مطالبہ کرتے رہے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی رینالہ خورد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے دونوں کانسٹیبلز کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔