سندھ میں ٹریفک حادثات، ایک جاں بحق، 9 زخمی

گہوٹکی/میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری، منظور علی جوئیہ) سندھ کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق میرپور ماتھیلو کے علاقے کوری کوہ پھاٹک کے قریب ایک رکشہ موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں بھیل برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق رکشہ میں سوار افراد معمول کے سفر پر جا رہے تھے کہ اچانک سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل کو بچانے کی کوشش میں رکشہ الٹ گیا۔ حادثے کے بعد علاقے میں چیخ و پکار مچ گئی اور مقامی افراد نے فوری طور پر زخمیوں کو نکال کر ریسکیو ٹیموں کے حوالے کیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ بعض زخمیوں کو اسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب میہڑ کے علاقے تھڑڑی محبت تھانے کی حدود گاؤں تھڑڑی محبت مانکانی لنک روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل اور چنگچی کے درمیان آمنے سامنے تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جنید سومرو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال میہڑ منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ چنگچی ڈرائیور رمضان چنجنی کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

دونوں واقعات کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور مقامی افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے