رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں طلبہ کو منشیات کے نقصانات اور ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے کے لیے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے شرکت کی جبکہ پولیس اور یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جہاں ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے طلبہ کے ساتھ انٹرایکٹو نشست کی۔ انہوں نے منشیات کے بڑھتے رجحان، اس کے نقصانات اور نوجوانوں کو اس سے دور رہنے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو محفوظ معاشرے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
سیمینار کے بعد ڈی پی او نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین سے ملاقات کی، جس میں پولیس اہلکاروں کی تعلیم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ میں ہیلمٹس بھی تقسیم کیے گئے تاکہ ٹریفک سیفٹی کے حوالے سے شعور کو فروغ دیا جا سکے۔