ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/نیوز رپورٹر شاہد خان) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل ڈیرہ غازی خان نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جو شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کے جھوٹے خواب دکھا کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث تھا۔
گرفتار ملزم کی شناخت عابد حسین ولد عبدالخالق سکنہ ضلع جامپور کے نام سے ہوئی ہے، جسے ایف آئی آر نمبر 9/26 میں نامزد کیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ایک شہری کو دبئی کا ورک ویزہ فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر اس سے 9 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم رقم لینے کے باوجود نہ ویزہ فراہم کیا اور نہ ہی اپنی ذمہ داری پوری کی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے نہ صرف شہری کو مالی نقصان پہنچایا بلکہ امیگریشن قوانین کی سنگین خلاف ورزی کا بھی مرتکب ہوا۔ اس کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979 کے سیکشن 22-B کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے دورانِ تفتیش مزید اہم انکشافات متوقع ہیں، جبکہ اس کے ممکنہ ساتھیوں اور نیٹ ورک کے بارے میں بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بیرون ملک ملازمت کے حصول کے لیے صرف مستند اور رجسٹرڈ ایجنٹس سے ہی رجوع کریں اور کسی بھی غیر قانونی یا مشکوک پیشکش سے گریز کریں۔