ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں وساکھی میلے کی تقریبات باقاعدہ طور پر اختتام پذیر ہو گئی ہیں، جس کے بعد بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کا قافلہ گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے یاتریوں کو سخت سکیورٹی حصار میں الوداع کیا۔ وساکھی تہوار کی مرکزی تقریب گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہوگی۔
سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں قیام کے دوران فراہم کی گئی رہائش، کھانے پینے، علاج معالجے اور سکیورٹی کی بہترین سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ یاتریوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے مثالی انتظامات کیے اور ہمارا خصوصی خیال رکھا گیا۔ بھارتی سکھ یاتریوں نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہمیں وزیروں جیسا پروٹوکول دیا، جس پر ہم تہہ دل سے مشکور ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی یاتریوں نے کہا کہ وہ پاکستانیوں کے پیار اور محبت کو کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔ انہوں نے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگ پرامن اور انتہائی محبت کرنے والے ہیں، ہمارا پاکستانیوں کے ساتھ دل کا رشتہ ہے اور ہم بار بار یہاں آتے رہیں گے۔ یاتریوں نے بہترین سفارتی اور انتظامی انتظامات پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔