اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے خطے کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر ملکی غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیائے خورونوش کی طلب و رسد کی مکمل نگرانی کرنے اور خلیجی ممالک کو وافر مقدار میں خوراکی اشیاء برآمد کرنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ملک میں غذائی صورتحال اور وافر اشیائے خورونوش کی برآمدات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ حکام نے وزیراعظم کو ملک میں موجود خوراکی اشیاء کے ذخائر اور پیداوار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں اشیائے خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور فی الحال کسی بھی بنیادی خوراکی شے کی قلت کا سامنا نہیں ہے۔ حکام نے آگاہ کیا کہ ملکی زرعی پیداوار اور دیگر غذائی شعبوں میں اتنی استعداد موجود ہے کہ اندرون ملک ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے کے باعث خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں خلیجی ممالک کو درکار اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے غذائی تحفظ کا بھی مکمل خیال رکھا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان کی غذائی ضروریات کو متاثر کئے بغیر وافر مقدار میں دستیاب اشیائے خورونوش کی خلیجی ممالک میں برآمد کیلئے فوری طور پر جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ برآمد کی جانے والی تمام غذائی مصنوعات اعلیٰ معیار کی حامل ہوں۔

وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ Pakistan National Shipping Corporation بحری راستے کے ذریعے برادر خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی برآمد کے لیے ضروری انتظامات اور اقدامات کرے تاکہ ترسیل کا عمل تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری مصنوعات اور سی فوڈ کی پیداوار اور برآمد کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے خلیجی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں اور ٹریڈ افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ ان ممالک میں پاکستانی خوراکی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، رانا تنویر حسین اور احد خان چیمہ کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، متعلقہ اعلیٰ حکام، صوبائی چیف سیکریٹریز اور نجی شعبے کی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے