کراچی (کیو این این ورلڈ) مشرق وسطیٰ میں جاری شدید جنگی صورتحال کے باعث معطل ہونے والا فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گیا ہے اور پانچ روز کے تعطل کے بعد پہلی پرواز پاکستان پہنچ گئی ہے۔ دبئی سے ایک نجی ایئر لائن کی یہ خصوصی پرواز 300 سے زائد مسافروں کو لے کر کراچی پہنچی ہے، جو 28 فروری سے وہاں پھنسے ہوئے تھے۔
مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث فضائی بحران سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے، جہاں گزشتہ پانچ روز کے دوران آٹھ ممالک کی منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان سے بھی مسلسل چھٹے روز مشرق وسطیٰ کے لیے پروازیں شدید متاثر رہیں اور آج مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی اور اسلام آباد سے 35، 35 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ لاہور سے 29، پشاور سے 14، ملتان اور سیالکوٹ سے 12، 12 پروازیں آپریٹ نہ ہو سکیں۔ اس کے علاوہ فیصل آباد سے 6 اور کوئٹہ سے 2 پروازیں بھی منسوخی کا شکار ہوئیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب خلیجی ممالک میں ہنگامی انخلاء کے پیش نظر دبئی، ابوظہبی اور شارجہ کے ہوائی اڈوں سے 167 خصوصی پروازیں چلائی گئی ہیں۔ جنگی اثرات کے باعث سعودی عرب کے شہروں ریاض اور دمام کا فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، جہاں بدھ کے روز 57 پروازیں منسوخ اور 46 تاخیر کا شکار ہوئیں۔