مشکوک دودھ پینے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی حالت غیر

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) بستی لاڈن کے قریب مشکوک دودھ پینے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی حالت غیر ہوگئی، تاہم ریسکیو 1122 کے بروقت ریسپانس کے باعث تمام افراد کی جانیں بچ گئیں جبکہ متاثرہ خاندان کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان کے کنٹرول روم کو میڈیکل ایمرجنسی کی اطلاع موصول ہوئی کہ بستی لاڈن کے قریب ایک گھر میں دودھ پینے کے بعد اہلخانہ کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی ہے اور متعدد افراد کو مسلسل الٹیاں آرہی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول روم نے فوری طور پر قریبی دستیاب دو ایمبولینسز کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا۔

ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ ایک ہی گھر کے 6 افراد نے دودھ پیا تھا جس کے بعد انہیں شدید الٹیاں شروع ہوگئیں اور حالت غیر ہوگئی۔ اہلخانہ کے مطابق شبہ ظاہر کیا گیا کہ دودھ میں ممکنہ طور پر چھپکلی گر گئی تھی جس کے باعث دودھ آلودہ ہوگیا۔

ریسکیو 1122 کے عملے نے تمام متاثرہ افراد کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹرز نے بروقت علاج شروع کیا۔

متاثرہ افراد میں 35 سالہ شبانہ بی بی زوجہ عبدالجبار، 18 سالہ محمد جمیل ولد عبدالجبار، 13 سالہ سائرہ بی بی دختر عبدالجبار، 8 سالہ عدیل ولد عبدالجبار، 6 سالہ طاہرہ بی بی دختر عبدالجبار اور 9 سالہ شرجیل ولد عبدالجبار شامل ہیں۔ تمام افراد قوم بھنڈ، سکنہ چاہ جمال والا موضع عثمان ڈونہ نزد لاڈن ڈیرہ غازی خان کے رہائشی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بروقت کارروائی اور فوری طبی امداد کے باعث تمام متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر رہی جبکہ علاج مکمل ہونے کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کرکے گھر روانہ کر دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے