ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت ضلع ڈیرہ غازی خان میں صبح سویرے ہی خصوصی صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ عید نماز سے قبل ہی ستھرا پنجاب اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک نظر آئیں اور شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے اقدامات بھرپور انداز میں جاری رہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی خصوصی ہدایات پر قربانی کے بعد مختلف شاہراہوں، سڑکوں اور گلی محلوں کو پانی، فینائل، عرقِ گلاب اور جراثیم کش اسپرے سے دھویا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں میں ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں جبکہ قربانی کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے حوالے سے آگاہی بھی دی جا رہی ہے۔
عوامی آگاہی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف چوکوں، شاہراہوں اور اہم مقامات پر اسپیکرز نصب کیے گئے ہیں جہاں صفائی اور زیرو ویسٹ سے متعلق پیغامات نشر کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں “ستھرا پنجاب” مہم کے بینرز، پینا فلیکس اور برانڈنگ بھی آویزاں کی گئی ہے تاکہ عوام میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔

ستھرا پنجاب اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز شدید گرمی کے باوجود مسلسل فیلڈ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ افسران مختلف علاقوں کی مانیٹرنگ میں مصروف ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، ایم ڈی ستھرا پنجاب اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران ضلع بھر کے مختلف مقامات کے خصوصی دورے بھی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور صفائی آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی نہ رہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، ستھرا پنجاب ٹیم اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی کے باوجود ورکرز کی محنت، جذبہ اور خدمت قابلِ تحسین ہے جو وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

