لیسکو کارروائی: خواجہ آصف کی شکایت کے بعد 3 افسران معطل

گوجرانوالہ/پتوکی (کیو این این ورلڈ) وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے لیسکو کے خلاف سوشل میڈیا پر کی گئی شکایت کے بعد محکمہ بجلی میں کارروائی کرتے ہوئے دو لائن مین اور ایک لائن سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

ایکسیئن پھول نگر ڈویژن کے مطابق لائن سپرنٹنڈنٹ محمد حسین، لائن مین شوکت علی اور لائن مین فلک شیر کو غفلت کے الزام میں معطل کیا گیا ہے۔

ایکسیئن کا کہنا ہے کہ 200 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر جلنے کے بعد 100 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر نصب کیا جا رہا تھا، تاہم اس دوران گاؤں کے بعض افراد اور خواجہ آصف کے کوآرڈینیٹر نے لیسکو عملے کو روک دیا۔

ان کے مطابق موقع پر کسی بھی قسم کی رشوت لینے کے شواہد نہیں ملے، جبکہ متعلقہ ٹیم نے چک 27 کا خود دورہ بھی کیا۔

دوسری جانب لیسکو ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کے باورچی کے آبائی علاقے چک 27 ڈھولن (پتوکی) میں 100 کے وی کا ٹرانسفارمر جل گیا تھا، جس کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گاؤں کے رہائشیوں نے 100 کے بجائے 200 کے وی ٹرانسفارمر لگانے کا مطالبہ کیا، جس کی لیسکو نے منظوری بھی دے دی تھی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ایک نجی شخص شبیر نے گاؤں سے 80 ہزار روپے اکٹھے کر کے ٹرانسفارمر کی مرمت کرائی، جس کا لیسکو سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے بیان کی روشنی میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

لیسکو حکام کے مطابق واقعے کی اعلیٰ سطح پر انکوائری جاری ہے اور چیف ایگزیکٹو لیسکو کے حکم پر ڈائریکٹر سرویلینس اینڈ انسپکشن ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے