کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اہم آپریشن کیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی 25 ستمبر کو کی گئی جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جامع انسداد دہشتگردی مہم جاری ہے۔ نوشکی آپریشن اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشتگردوں کا خاتمہ کر دیا گیا جبکہ ان کے ٹھکانوں سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
اس سے ایک روز قبل 24 ستمبر کو آپریشن شعبان کے تسلسل میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مزید ٹھکانوں کا سراغ لگا کر انہیں تباہ کیا تھا۔ اس کارروائی میں 5 خوارج ہلاک ہوئے جس کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ستمبر 2026 سے اب تک بھارتی سرپرستی میں سرگرم 33 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل انسداد دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری ہے تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد علاقے میں امن و امان کی بحالی اور دہشتگرد نیٹ ورکس کو ختم کرنا ہے۔ مزید آپریشنز بھی جاری رہیں گے۔