یارو کھوسہ میں افسوسناک واقعہ، پانچ سالہ بچی کی بوری میں بند لاش مل گئی

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف مجاہد اقبال کھوسہ)ڈیرہ غازی خان کے قصبہ یارو کھوسہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تھانہ کوٹ مبارک کی حدود میں واقع محلہ قریشی سے تقریباً پانچ سالہ بچی کی بوری میں بند لاش برآمد ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں خوف و تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ اہل علاقہ میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق پانچ سالہ بچی گھر کے قریب گلی میں کھیل رہی تھی کہ اس دوران وہ اچانک لاپتہ ہو گئی۔ اہل خانہ اور علاقے میں تشویش پھیل گئی، تاہم کچھ دیر بعد بچی کی لاش بوری میں بند حالت میں برآمد ہوئی۔ اس افسوسناک انکشاف پر علاقے کے لوگ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، جبکہ تھانہ کوٹ مبارک پولیس کو بھی اطلاع دی گئی۔ پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس کے مطابق بچی کی موت کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی موت کے اسباب اور واقعے سے متعلق مزید حقائق سامنے آ سکیں گے۔

واقعے کے بعد محلہ قریشی سمیت قصبہ یارو کھوسہ میں خوف و تشویش کی فضا پائی جاتی ہے۔ اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور تمام حقائق سامنے لا کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ علاقہ مکین بچی کی موت کے اصل اسباب سامنے آنے کے منتظر ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے