خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) اپر باڑہ سپاہ کے قومی مشران، والدین، اساتذہ اور سماجی رہنماؤں نے علاقے میں سرکاری تعلیمی اداروں کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کے لیے کوئی سرکاری مردانہ یا زنانہ سکول موجود نہیں، جس کے باعث بڑی تعداد میں بچے اور بچیاں تعلیم کے حصول سے محروم ہیں۔
اس حوالے سے اپر باڑہ سپاہ کے علاقے درے وانڈی میں قائم دوستی کمیونٹی سکول میں امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی مشران، بچوں کے والدین، خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے رہنماؤں، اساتذہ اور سکول کے بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں بچوں نے قومی ترانہ، تلاوت قرآن پاک، حمد، نعت، تقاریر، لطیفے اور مزاحیہ خاکے پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ بچوں کی تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں میں دلچسپی اور بہترین کارکردگی کو شرکاء نے سراہا۔
اس موقع پر قومی مشران واک خان، قاضی خان، خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے رہنما سینیٹر تراب علی خان، حشمت خان اور صدام خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو تعلیم یافتہ دیکھنا علاقے کے عوام کا دیرینہ خواب اور خواہش ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے بھی خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں کی طرح تعلیم حاصل کریں، ملک و قوم کا نام روشن کریں اور مستقبل میں اپنے علاقے کے عوام کی آواز بنیں۔
مقررین نے کہا کہ اپر باڑہ سپاہ کے بچوں کی تعلیم کے حصول میں بنیادی رکاوٹ تعلیمی اداروں کی عدم موجودگی ہے۔ ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی کے لیے نہ کوئی سرکاری مردانہ سکول ہے اور نہ ہی زنانہ تعلیمی ادارہ موجود ہے، جس کی وجہ سے علاقے کے متعدد بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور علاقے کے بچوں کو بھی تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ سرکاری تعلیمی اداروں کی عدم موجودگی میں والدین کو اپنے بچوں کی تعلیم کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ غربت اور پسماندگی بھی تعلیمی حصول میں رکاوٹ بنتی ہیں۔
قومی مشران اور سماجی رہنماؤں نے کور کمانڈر پشاور، گورنر خیبرپختونخوا، آئی جی ایف سی نارتھ خیبرپختونخوا، تیراہ ملیشیا بریگیڈ کمانڈر، سینیٹر حاجی مرزا محمد آفریدی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری بارہ اضلاع، اے ڈی آر رکن حاجی شیرین آفریدی، ڈپٹی کمشنر خیبر، ونگ کمانڈر 213 تور درہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر سے مطالبہ کیا کہ اپر باڑہ سپاہ میں بچوں اور بچیوں کے لیے باقاعدہ سرکاری تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ طلباء و طالبات کو مفت سکول بیگز فراہم کیے جائیں اور علاقے کی پسماندگی و غربت کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کے لیے خصوصی ونٹر پیکج بھی دیا جائے، تاکہ موسم سرما میں انہیں تعلیم جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تقریب کے اختتام پر امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں تعلیم کے فروغ اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔