پاکستان ٹیلی ویژن کے 62 سال ، ماضی اور حال
ضیاء الحق سرحدی (ستارہ امتیاز)، پشاور
ziaulhaqsarhadi@gmail.com
پاکستان ٹیلی ویژن کی 62ویں سالگرہ 26 نومبر 2026ء کو منائی جا رہی ہے۔ پی ٹی وی نے ایک کمرے سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور آج الحمدللہ اس کے متعدد چینلز کام کر رہے ہیں۔ اگر علاقائی زبانوں میں پروگراموں کی بات کی جائے تو اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور ایم ڈی پی ٹی وی اشفاق احمد خلیل کی کوششیں قابلِ ذکر ہیں۔ ان دونوں کی جانب سے پی ٹی وی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد علاقائی زبانوں کے پروگراموں میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے اور پی ٹی وی کے اسٹوڈیوز بھی دوبارہ آباد ہونے لگے ہیں۔
پشاور سینٹر کی بات کی جائے تو یہاں سے مختلف نئے پروگرام پی ٹی وی نیشنل پر شروع کیے گئے ہیں۔ ان میں میوزک پروگرام ’’ٹنگ ٹکور‘‘، میگزین پروگرام ’’کلیوال رنگونہ‘‘ اور ’’کل تر پختونخواہ‘‘ شامل ہیں۔ اسی طرح پوڈکاسٹ کے نام سے ’’ژوند رنگ‘‘ اور ’’آج دی شام‘‘ جیسے پروگرام بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔
پی ٹی وی پشاور سینٹر سے پہلی مرتبہ خواتین کے لیے ’’دختران خیبر پختونخوا، ہوا کی بیٹی‘‘ کے نام سے ایک خوبصورت پوڈکاسٹ پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔ چترالی زبان میں ’’دستار چترال‘‘ کے نام سے ہر ہفتے ایک پروگرام نشر کیا جا رہا ہے، جبکہ حالاتِ حاضرہ کے مختلف پروگرام بھی پشاور سینٹر سے نشر ہو رہے ہیں۔
جب سے جی ایم پی ٹی وی ابراہیم کمال نے چارج سنبھالا ہے، پی ٹی وی کی مارکیٹنگ میں بھی روز بروز بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔ ایم ڈی پی ٹی وی اشفاق احمد خلیل کی کوششوں سے پی ٹی وی پشاور سینٹر کے مشہور اردو ڈراموں کو پشتو زبان میں ڈب کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔ ان تمام اقدامات کا کریڈٹ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور ایم ڈی پی ٹی وی اشفاق احمد خلیل کو جاتا ہے۔
پی ٹی وی پشاور سینٹر نے پہلی مرتبہ خواتین کے لیے ایک خصوصی پروگرام بھی شروع کیا ہے، جس کی میزبانی صدارتی ایوارڈ یافتہ بشریٰ فرخ کر رہی ہیں۔ ’’کاروانِ ہوا، دخترانِ خیبر پختونخوا‘‘ کے نام سے شروع ہونے والا یہ پروگرام اردو، ہندکو اور پشتو، تینوں زبانوں میں پیش کیا جا رہا ہے، جس میں خیبر پختونخوا کی نامور خواتین شرکت کر رہی ہیں۔ یہ اعزاز بھی پہلی مرتبہ پی ٹی وی پشاور سینٹر کو حاصل ہوا ہے۔
سامعین کرام! 26 نومبر 1964ء کو پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سے ٹی وی کی پہلی نشریات آن ایئر ہوئیں اور یوں پی ٹی وی کا خواب حقیقت بن گیا۔ مشرقی پاکستان کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پی ٹی وی کا دوسرا سینٹر قائم کیا گیا، جہاں سے 1965ء میں نشریات کا آغاز ہوا۔ یہ براہِ راست پروگرام نشر کرنے کا دور تھا۔ 1965ء میں راولپنڈی/اسلام آباد میں تیسرا، جبکہ 1966ء میں کراچی میں پی ٹی وی کا چوتھا سینٹر قائم کیا گیا۔ بعد ازاں 1974ء میں پشاور اور کوئٹہ سینٹرز کا بھی آغاز ہوا۔
1961ء میں پاکستان کے معروف صنعت کار سید واجد علی نے نِپون الیکٹرک کمپنی (NEC) کے ساتھ ایک مشترکہ معاہدہ کیا اور انجینئر عبدالرحمن کو ٹی وی پراجیکٹ کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ اسی سال NEC کے اشتراک سے ٹیسٹ ٹرانسمیشن کی ایک سیریز بھی چلائی گئی۔ اس کے بعد صدر ایوب خان نے انجینئر عبدالرحمن کو وزارتِ اطلاعات کے تحت ذمہ داریاں سونپیں، جنہوں نے ملک میں ٹی وی کے قیام کے لیے کام کیا۔
ابتدائی دور کے RGA بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی اپنی ساخت کے اعتبار سے کسی میز کی طرح دکھائی دیتے تھے۔ اسکرین کو محفوظ رکھنے کے لیے لکڑی کے بنے ہوئے اس ڈبے میں دو پٹوں پر مشتمل خوبصورت ڈیزائن کے حامل دروازے بھی لگے ہوتے تھے۔ اس زمانے میں ریموٹ کنٹرول کا کوئی تصور نہیں تھا۔ ٹی وی کی نشریات انٹینا کے ذریعے دیکھی جاتی تھیں۔ بارش یا آندھی آتی تو لکڑی کے بانسوں پر بندھے یہ انٹینا اکثر چھتوں کی منڈیروں پر اوندھے منہ پڑے ہوتے تھے۔ جن گھروں میں ٹی وی سیٹ موجود ہوتے، وہاں شام ہوتے ہی محلے دار جمع ہونا شروع ہو جاتے تھے۔
1976ء میں پی ٹی وی نے اپنا رنگ بدلا اور اس کی نشریات بھی رنگین ہو گئیں۔ بڑے ڈبے کی جگہ مختلف سائز کے رنگین ٹی وی نے لے لی اور یہ گھر کے ایک اہم فرد کی حیثیت اختیار کر گئے۔ ٹی وی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے ساتھ اس کے مختلف پروگراموں اور ڈراموں کے لیے باصلاحیت فنکاروں کی ضرورت بھی بڑھنے لگی۔ 1987ء میں پاکستان ٹیلی ویژن اکیڈمی کا قیام عمل میں آیا، جہاں ٹی وی کے مختلف شعبوں میں تعلیم و تربیت دی جاتی تھی۔
1980ء کی دہائی تک پاکستان میں ٹی وی کی مقبولیت اپنے عروج پر پہنچ چکی تھی اور نشریات کا دورانیہ بھی بڑھ گیا تھا۔ اب براہِ راست پروگراموں کے بجائے پروگرام اور ڈرامے ریکارڈ کرکے نشر کرنے کی سہولت میسر تھی، جس سے ٹی وی پروڈکشن کے معیار میں بھی بہتری آئی اور پی ٹی وی کا ڈراما اپنی مستند ساکھ بنا چکا تھا۔ اسی دہائی میں پی ٹی وی پر صبح کی نشریات کا باقاعدہ آغاز بھی ہوا۔
جنرل ضیاء الحق کے طویل اقتدار کے خاتمے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت آنے کے بعد 1988ء میں شالیمار ریکارڈنگ کمپنی کے تحت پہلا نیم سرکاری ٹی وی نیٹ ورک ’’پیپلز ٹیلی ویژن نیٹ ورک (PTN)‘‘ شروع ہوا، جس کا نام بعد ازاں ’’شالیمار ٹیلی ویژن نیٹ ورک (STN)‘‘ رکھ دیا گیا۔ اسلام آباد کے بعد ایس ٹی این نے کراچی اور لاہور سے بھی اپنی نشریات کا آغاز کیا۔ 1990ء کی دہائی میں ملک بھر میں اس کی نشریات شروع ہو گئیں۔
1990ء میں ایس ٹی این کے ایک نجی کمپنی انٹر فلو کے ساتھ معاہدے کے بعد ملک میں پہلے نجی ٹی وی چینل ’’این ٹی ایم‘‘ (نیٹ ورک ٹیلی ویژن مارکیٹنگ) کا آغاز ہوا۔ اسی چینل کے ذریعے ملک میں پہلی مرتبہ سی این این اور بی بی سی کی نشریات بھی دیکھی جانے لگیں۔
پاکستان ٹیلی ویژن نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں تک اپنے پروگرام، ڈرامے اور دیگر نشریات پہنچانے کے لیے 1992ء میں ایک اہم قدم اٹھایا اور ’’پی ٹی وی ٹو‘‘ کے نام سے پہلے سیٹلائٹ چینل کا آغاز کیا۔ بعد ازاں 1998ء میں اس کا نام ’’پی ٹی وی ورلڈ‘‘ رکھ دیا گیا۔
1998ء میں مالی خسارے کے باعث این ٹی ایم بند ہو گیا اور اس کے ساتھ ہی ایس ٹی این بھی بند ہو گیا۔ 1999ء میں پی ٹی وی اور ایس ٹی این نے مل کر ’’چینل تھری‘‘ کے نام سے ایک نئے چینل کا آغاز کیا، جس کی باقاعدہ نشریات 2001ء میں شروع ہوئیں۔
2002ء میں پرویز مشرف حکومت نے نجی ٹی وی چینلز کو کام کرنے کی اجازت دی۔ اس میں نجی چینلز کو اپنی خبریں اور حالاتِ حاضرہ کے پروگرام پیش کرنے کی اجازت بھی شامل تھی، ورنہ اس سے قبل واحد نجی چینل این ٹی ایم کو بالخصوص خبرنامے اور حالاتِ حاضرہ کے پروگرام پیش کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ ’’انڈس وژن‘‘ کو پاکستان کے پہلے نجی سیٹلائٹ چینل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ’’اے آر وائی ڈیجیٹل‘‘، ’’جیو‘‘، ’’ہم‘‘ اور دیگر چینلز بعد میں شروع ہوئے۔
2005ء میں پی ٹی وی اور ایس ٹی این کا مشترکہ چینل ’’چینل تھری‘‘ بند ہو گیا۔ اے ٹی وی پاکستان کا واحد چینل تھا جس کی نشریات سیٹلائٹ اور زمینی، دونوں سطحوں سے آن ایئر کی گئیں۔ 2007ء میں پی ٹی وی کو ’’پی ٹی وی ہوم‘‘ کا نام دے دیا گیا اور ’’پی ٹی وی ورلڈ‘‘ کو بند کر دیا گیا، تاہم 2012-13ء میں ’’پی ٹی وی ورلڈ‘‘ کو صرف انگریزی زبان کے سیٹلائٹ چینل کے طور پر دوبارہ شروع کیا گیا۔
2007ء میں ’’پی ٹی وی نیوز‘‘ کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد ’’پی ٹی وی سپورٹس‘‘ شروع کیا گیا، جبکہ 2009ء میں امریکا اور یورپ کے ناظرین کے لیے ’’پی ٹی وی گلوبل‘‘ شروع کیا گیا۔
پاکستان میں 2003ء میں ٹی وی کی دنیا میں انقلاب آیا اور نجی چینلز نے ریاستی ٹی وی کی اجارہ داری ختم کر دی۔ اسی سال میر ظفر اللہ خان جمالی کے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں 66 نجی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کمپنیوں کو لائسنس جاری کیے گئے۔
ٹی وی جو کبھی اپنے ناظرین کے لیے اطلاعات کی فراہمی اور تفریح کا ذریعہ تھا، اب ایک ایسی ’’بری لت‘‘ بن چکا ہے جس کے لیے اگر یہ کہا جائے کہ ’’چھٹتی نہیں کافر منہ کو لگی ہوئی‘‘ تو غلط نہ ہوگا۔ ٹی وی کا کام ناظرین تک درست اطلاعات پہنچانا اور تفریح فراہم کرنا ہے، نہ کہ اطلاعات کے نام پر ملک میں غیر یقینی صورتِ حال پیدا کرنا۔
حکومتیں اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے چھوٹی اور بڑی اسکرین کی طاقت کو بھرپور اور مؤثر انداز میں بروئے کار لاتی ہیں، مگر بدقسمتی سے پاکستان میں یہ دونوں میڈیم شتر بے مہار اور تمام تر اخلاقی و معاشرتی پابندیوں سے آزاد نظر آتے ہیں۔ پاکستان میں ٹی وی چینلز کی موجودہ روش دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے کہ چھوٹی اسکرین معاشرے کی اصلاح اور تعلیم و تربیت میں کوئی مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
فلم انڈسٹری طویل عرصے بعد اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی کوشش کر رہی ہے، مگر اس میں بھی کمرشل ازم کا پہلو نمایاں ہے۔ معاشرتی مسائل اور خرابیوں کو انتہائی بھونڈے انداز میں پیش کرنا ماضی میں بھی ہماری فلموں کا وتیرہ رہا ہے۔ ٹی وی اور فلم سے وابستہ اداروں کو معاشرے کی اصلاح کی جو ذمہ داری سونپی گئی ہے، اسے احسن طریقے سے نبھانا ہوگا۔ تب ہی ہمارے ٹی وی کا مستقبل ماضی کی طرح مہذب اور پُروقار ہو سکتا ہے۔
پی ٹی وی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔ اس نے ہمیشہ پاکستان کے نشیب و فراز کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈرامے، پروگرام، شوز اور مشاعرے پیش کیے ہیں۔ ترکی کا شمار پاکستان کے مخلص ترین دوست ممالک میں ہوتا ہے۔ ترکی نے ہر مشکل مرحلے پر پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پی ٹی وی نے ترکی کے ڈرامے بھی ٹیلی کاسٹ کیے، جس سے ناظرین کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا اور اس کے ساتھ ساتھ پی ٹی وی کی آمدنی میں بھی بہتری آئی۔
2023ء سے پی ٹی وی کے تمام مراکز سے پی ٹی وی نیشنل پر چھ گھنٹے کا لائیو پروگرام بھی شروع ہو چکا ہے، جبکہ پی ٹی وی سپورٹس نے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کی براہِ راست نشریات بھی بڑے خوبصورت انداز میں پیش کیں۔ اس حوالے سے پاکستان بھر کے تمام ٹیلی ویژن کارپوریشنز کے جنرل منیجرز اور ان کا پورا عملہ مبارک باد کا مستحق ہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن ہمیشہ اپنے ناظرین کے لیے منفرد، خوبصورت اور معیاری پروگرام پیش کرتا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک میں بے شمار انٹرٹینمنٹ چینلز ہونے کے باوجود ناظرین آج بھی پی ٹی وی دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ پی ٹی وی کی اپنے ناظرین کے لیے ایک اہم پیشکش پیار، محبت، معاشرتی اقدار اور خوبصورت روایات پر مبنی شو ’’کھوئے ہوؤں کی جستجو‘‘ بھی ہے۔ اس شو کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا ہنستے، مسکراتے اور کھکھلاتے انداز میں ناظرین کے دلوں کو چھو لینا ہے، جس سے ان کے اندر خوشی اور سکون کی لہر دوڑ جاتی ہے۔ موجودہ دور میں یہ احساسات بھی ہماری اہم ضروریات میں شامل ہیں۔
ہم پی ٹی وی کو اس کی 62ویں سالگرہ کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔