کوئٹہ (کیو این این ورلڈ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وزیراعلیٰ لوگوں کا مجمع وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کے لیے اکٹھا کرتے ہیں جبکہ انہیں مشورہ ہے کہ لوگوں کو فیسٹیول اور مثبت سرگرمیوں کے لیے جمع کریں۔
سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں حکومت لوگوں کو کھیلوں کے میدانوں اور تعمیری سرگرمیوں کے لیے اکٹھا کرتی ہے اور دونوں صوبوں کی قیادت کے انداز میں واضح فرق ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کا مستقبل مکمل طور پر پاکستان سے وابستہ ہے اور کوئی بھی قوت اسے الگ نہیں کر سکتی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل اور تباہ کن جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جسے ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد اور پہاڑوں کی بجائے تعلیم، کھیلوں، روزگار اور ترقی کا راستہ اختیار کریں تاکہ صوبے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔