ٹرمپ نے امریکی وفد کا پاکستان دورہ عین وقت پر منسوخ کردیا، فاکس نیوز کا دعویٰ

واشنگٹن:(کیو این این ورلڈ) امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات کے لیے پاکستان جانے والے امریکی وفد کا دورہ عین وقت پر منسوخ کردیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پر مشتمل دو رکنی وفد آج اسلام آباد کے لیے روانہ ہونے والا تھا تاہم امریکی صدر کی ہدایت پر یہ دورہ روک دیا گیا۔

امریکی نیوز چینل سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کے ساتھ جاری صورتحال میں “تمام کارڈز امریکا کے پاس ہیں” اور تہران جب چاہے واشنگٹن سے رابطہ کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں صرف بات چیت کے لیے امریکی وفد کا 18 گھنٹے کا طویل سفر کرنا غیر ضروری ہے، اور اب “صرف زبانی جمع خرچ” کے لیے وفود نہیں بھیجے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی وفد اس مقصد کے لیے نہیں جائے گا کہ وہاں جا کر بے نتیجہ ملاقاتوں میں وقت ضائع کیا جائے۔

دوسری جانب یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا تھا۔ ایرانی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں بھی کیں، جس کے بعد وہ مسقط اور ماسکو کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے