قومی اسمبلی: پی ٹی آئی ارکان اقبال آفریدی اور جنید اکبر میں تلخ کلامی، جھگڑا ہوگیا

اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اقبال آفریدی اور جنید اکبر کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا، جس سے ایوان میں کشیدگی پھیل گئی۔

بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اقبال آفریدی بار بار بولتے رہے، جس پر بظاہر پارٹی کے ہی رکن جنید اکبر نے انہیں خاموش رہنے کا اشارہ کیا۔

اسی دوران ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا تاہم اجلاس ختم ہوتے ہی اقبال آفریدی اور جنید اکبر آپس میں الجھ پڑے اور ایک دوسرے کی جانب بڑھ گئے۔

ذرائع کے مطابق اقبال آفریدی نے اپنی جماعت کے دیگر ارکان کے ساتھ بھی تلخ جملوں کا تبادلہ کیا، جبکہ پی ٹی آئی کے رکن سلیم الرحمان کو غصے میں جوتا اتارتے بھی دیکھا گیا۔ ایوان میں ایک تھپڑ لہرانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ تھپڑ کسی کو لگا یا نہیں۔

صورتحال کشیدہ ہونے پر پیپلز پارٹی کے رکن آغا رفیع اللہ اور دیگر ارکان نے مداخلت کرتے ہوئے جنید اکبر کو ایوان سے باہر لے گئے، جس کے بعد ماحول معمول پر آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے