اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ) امریکا نے پاکستان کو 450 سے زائد تاریخی و ثقافتی نوادرات واپس کر دیے، جن میں بدھا کے مجسمے، گندھارا آرٹ کے نایاب شاہکار، مجسمے اور چار ہزار سال قدیم قیمتی آثار شامل ہیں۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے واپس کیے گئے نوادرات کی نمائش اسلام آباد میں “لیگیسی ریٹرنز ہوم” کے عنوان سے منعقد ہوئی۔ دو طرفہ معاہدے کے تحت امریکا اب تک پاکستان کو تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر مالیت کے 450 سے زائد نوادرات واپس کر چکا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی معاون وزیر خارجہ ایس پال کپور نے کہا کہ گیلری میں رکھا ہر مجسمہ اپنے اندر منفرد تاریخ اور ثقافت سموئے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران پاکستان کے 514 نوادرات برآمد کرکے واپس کیے جا چکے ہیں۔
وفاقی وزیر ثقافت اورنگزیب کھچی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان سے چوری شدہ نوادرات کی امریکا سے واپسی دونوں ممالک کے تعاون کا قابلِ تعریف اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوادرات پاکستان کے ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہیں جن کی حفاظت قومی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ سرسید میموریل کے اسلام آباد میوزیم میں رکھے گئے 150 نوادرات میں بدھا کے مجسمے، گندھارا تہذیب کے نادر فن پارے، مجسمے اور ہزاروں سال قدیم تاریخی اشیاء شامل ہیں۔
امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی ڈپارٹمنٹ ثقافتی ورثے کی چوری اور اسمگلنگ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور قیمتی نوادرات کو امریکی مارکیٹ تک پہنچنے سے قبل ہی ضبط کر لیا جاتا ہے۔