گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر جرائم پیشہ، روپوش اور اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران تھانہ اے سیکشن گھوٹکی، تھانہ سرحد پولیس اور آئی ٹی برانچ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سردار جہانگیر شہریار شر کے اغواء کیس میں مطلوب دو مرکزی ملزمان کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ رات ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن عبدالوحید بھٹو، ایس ایچ او تھانہ سرحد بخت علی عباسی اور انچارج آئی ٹی محمد عامر آرائیں نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر لنک روڈ قادرپور، نزد جادے والی کوہی میں کارروائی کی۔ اس دوران ملزمان سے پولیس کا آمنا سامنا ہوا اور مقابلے کے بعد دو ملزمان جتوئی ولد بگو شر اور دادن عرف پرو ولد آچر شر، جو گاؤں محمد حیات شر کے رہائشی اور حال مقیم قطال شر تعلقہ ڈہرکی ہیں، کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بغیر لائسنس دو عدد پستول بھی برآمد کر لیے، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان 23 جولائی 2026 کو سردار جہانگیر شہریار شر کے اغواء کے مقدمے میں مطلوب تھے۔ مذکورہ واقعے کے بعد گھوٹکی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا تھا، جبکہ اب کیس کے مرکزی ملزمان بھی قانون کی گرفت میں آ گئے ہیں۔
گرفتار ملزمان اور فرار ہونے والے ساتھیوں کے خلاف تھانہ اے سیکشن میں کرائم نمبر 277/2026 کے تحت دفعات 324 اور 353 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گرفتار ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے پر سندھ آرمز ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے اور جرائم کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔