اقوام متحدہ میں ٹرمپ کی شہباز شریف کی تعریف، ’شاندار انسان‘ کہہ دیا

نیویارک (کیو این این ورلڈ): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’شاندار انسان‘‘ قرار دے دیا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں پاکستان کو ’’عظیم ملک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان ایک عظیم ملک ہے، وزیراعظم شہباز شریف ایک شاندار انسان ہیں۔‘‘ امریکی صدر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں فون کرکے پاک بھارت تنازع کے خاتمے میں امریکی کردار پر شکریہ ادا کیا تھا۔

ٹرمپ نے اپنی تقریر کے دوران مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فوجی کشیدگی اور اس کے بعد جنگ بندی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا کہ ان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں پاک بھارت تنازع ختم کرنے میں مدد ملی اور اس کے باعث لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں انسانی جانیں بچائی گئیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد انہیں متعدد بین الاقوامی تنازعات کے حل میں کردار ادا کرنے کا موقع ملا اور انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع کو بھی ان تنازعات میں شامل کیا جنہیں انہوں نے ختم کرانے میں مدد کی۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی طور پر ذکر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران سامنے آیا، جہاں امریکی صدر نے ایران، روس یوکرین جنگ، غزہ اور دیگر عالمی معاملات کے علاوہ اپنی خارجہ پالیسی اور مختلف تنازعات کے حل میں امریکی کردار پر بھی گفتگو کی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 81ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ چکے ہیں اور وہ 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں پاکستان کا علاقائی و عالمی معاملات پر مؤقف اور مختلف اہم قومی و بین الاقوامی امور اجاگر کیے جانے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے