پشاور: افغان قونصل جنرل سے وفد کی ملاقات، سرحدی تجارت و ٹرانسپورٹرز مسائل پر گفتگو

لنڈی کوتل(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار )پشاور میں سابق سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی الحاج شفیق شیر آفریدی کی نمائندگی میں ٹرانسپورٹ یونین کے مشران، چیئرمین شاہ خالد شنواری اور دیگر معززینِ علاقہ پر مشتمل ایک وفد نے افغان قونصل جنرل حافظ محب شاکر سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی جس میں دونوں جانب سے باہمی تعلقات، سرحدی مسائل اور تجارتی سرگرمیوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے افغان حکام کے سامنے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی گاڑیاں گزشتہ کئی ماہ سے افغانستان میں پھنسی ہوئی ہیں، جس سے مالکان کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان گاڑیوں کی فوری واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

وفد نے مزید نشاندہی کی کہ گزشتہ تقریباً سات ماہ سے سرحدی تجارت اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں، جس کے باعث مقامی تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا روزگار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے افغان قونصل جنرل سے مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی بحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

ملاقات کے دوران افغانستان میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلباء کے مسائل بھی زیرِ بحث آئے۔ وفد نے بتایا کہ طلباء کو رہائش، سفری سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس پر افغان قونصل جنرل سے اپیل کی گئی کہ طلباء کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور ان کی محفوظ واپسی یا سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

آخر میں افغان قونصل جنرل حافظ محب شاکر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پیش کیے گئے مسائل کو سنجیدگی سے متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا اور ان کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور عوامی روابط مزید مضبوط ہو سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے