اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ نے گندم خریداری مراکز کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے لیے مناسب بیٹھنے کے انتظامات، صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر آنے والے کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ مرزا راحیل بیگ نے مزید ہدایت کی کہ گندم کی خریداری کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ کے مطابق یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری ازالہ کیا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق گندم خریداری کے عمل کو نہ صرف شفاف بلکہ کسان دوست بنایا جائے گا، جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔