ٹیموتھی کین نے سیالکوٹ ایئرپورٹ کو مثالی وژن کی زندہ مثال قرار دے دیا

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ شاہد ریاض)پاکستان میں تعینات آسٹریلین ہائی کمشنر ٹیموتھی کین نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ آسٹریلین قونصل خانے کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ایئرپورٹ آمد پر چیئرمین سیال حسن علی بھٹی، وائس چیئرمین سیال وقاص افضل، ممبران بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سی ای او سیال نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران چیئرمین سیال حسن علی بھٹی نے آسٹریلین ہائی کمشنر کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام، آپریشنز اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلین ہائی کمشنر کا دورہ ادارے کے لیے اعزاز کی بات ہے اور یہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

چیئرمین سیال نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے آسٹریلوی حکومت کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر ٹیموتھی کین نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نجی شعبے کے مثالی وژن اور کامیاب عملی ماڈل کی زندہ مثال قرار دیا۔ انہوں نے سیالکوٹ کی تاجر و کاروباری برادری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ بین الاقوامی شہرت کا حامل شہر ہے اور خطے میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اپنی مثال آپ حیثیت رکھتا ہے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سیال حسن علی بھٹی اور آسٹریلین ہائی کمشنر ٹیموتھی کین کے درمیان پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین سیال نے مستقبل میں تعاون اور اشتراک کے فروغ کے لیے سیال کی جانب سے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے