اوکاڑہ: جوڈیشل کمپلیکس رینالہ خورد کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت، کھلی کچہری کا انعقاد

رینالہ خورد (کیو این ورلڈ/نامہ نگار) ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے جوڈیشل کمپلیکس رینالہ خورد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عدالتی سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، سکیورٹی پوائنٹس کا معائنہ کیا اور تعینات اہلکاروں کی ڈیوٹی چیک کی۔

ڈی پی او اوکاڑہ نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر وقت ہائی الرٹ رہیں اور عدالتی احاطوں کی سکیورٹی میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ملزمان کی منتقلی کے دوران سخت سکیورٹی یقینی بنانے اور عدالتوں میں پیشی کے دوران ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے واک تھرو گیٹس کے استعمال، باڈی سرچ اور سکیورٹی اقدامات کو ہر صورت مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائلین اور عدالتی عملے کو محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن “عوام کی دہلیز پر انصاف” کے تحت نواحی قصبہ شیرگڑھ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل سے ڈی پی او اوکاڑہ کو آگاہ کیا۔

ڈی پی او نے موقع پر ہی متعدد شکایات کے حل کے لیے احکامات جاری کیے اور کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر سن کر فوری اور میرٹ پر حل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی دن دفتر آکر اپنے مسائل بلا جھجھک پیش کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے