گھوٹکی/میرپور ماتھیلو (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری)میرپور ماتھیلو میں منشیات کا مسئلہ بدستور سنگین صورت اختیار کیے ہوئے ہے، جس کے باعث نہ صرف امن و امان کی صورتحال متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہریوں میں خوف و ہراس بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے تو حالات اس نہج تک نہ پہنچتے۔
ذرائع کے مطابق اریگیشن کالونی سے لاشیں ملنے کے واقعات کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جو علاقے میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال اور اس سے جڑے جرائم کی نشاندہی کرتا ہے۔ تازہ واقعے میں ایک اور شخص کی لاش ملنے سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ہیں۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف ٹھوس اور مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث یہ ناسور جڑیں مضبوط کر چکا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے فوری نوٹس لیتے ہوئے منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کریں اور علاقے کو اس لعنت سے پاک کیا جائے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف مقامی سطح بلکہ پورے معاشرے پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔