اوچ شریف (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار حبیب خان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’دہلیز پر انصاف‘‘ فراہم کرنے کے دعوے اوچ شریف میں دھرے کے دھرے رہ گئے، پولیس حکام کی جانب سے کھلی کچہریوں کا سلسلہ بند ہونے کے باعث غریب، معذور اور نابینا شہری داد رسی کے لیے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے آئی جی، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو کھلی کچہریاں لگا کر عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی سخت ہدایات دی گئی تھیں، مگر اوچ شریف اور گردونواح میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ اچانک بند کر دیا گیا ہے۔ عوامی شکایات کے ازالے کا اہم ذریعہ غیر فعال ہونے کی وجہ سے سائلین، خصوصاً معذور اور بے سہارا افراد تھانوں اور سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کرایوں کے پیسے نہ ہونے اور سفری صعوبتوں کی وجہ سے ایک عام مزدور، نابینا اور معذور شخص کے لیے اعلیٰ افسران کے دفاتر تک پہنچنا ناممکن ہو چکا ہے۔ کھلی کچہریوں کا سلسلہ بند ہونے سے چوروں، ڈاکوؤں اور قبضہ مافیا کے حوصے مزید بلند ہو رہے ہیں، جبکہ محروم طبقات کا انصاف پر سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔
اوچ شریف کے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب، آر پی او اور ڈی پی او بہاولپور سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ دور دراز علاقوں میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ اور باقاعدہ شیڈول فوری بحال کیا جائے تاکہ غریب اور معذور شہریوں کی فریاد ان کی دہلیز پر سنی جا سکے اور انصاف کی باآسانی فراہمی ممکن ہو سکے۔