اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز احمد سلیم چشتی کی زیرِ صدارت ضلع میں "الیکٹرک بس سروس” کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں عوام الناس کی سفری سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ چند باقی رہ جانے والے بس سٹاپس پر بھی دیگر سٹاپس کی طرز پر سائبان، بیٹھنے کے لیے بینچز اور دیگر تمام بنیادی انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ مجوزہ پوائنٹس پر ای بس سروس کے تمام مقررہ سٹاپس کا تفصیلی معائنہ کریں۔ انہوں نے مسافروں کو گرمی اور بارش کے اثرات سے بچانے کے لیے سائبانوں کی تعمیر اور نشستوں کے قیام کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا۔
احمد سلیم چشتی کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بس سروس اوکاڑہ کے شہریوں کے لیے ایک جدید اور باوقار سفری تحفہ ہے، اس لیے موسمی شدت سے شہریوں کو محفوظ رکھنے اور سفری سہولیات کو معیاری بنانے کے لیے تمام انتظامات میں تاخیر نہیں کی جانی چاہئے۔