شجاع آباد(کیو این این ورلڈ) 9 نوجوان کزنز کی 9 کزنز سے اجتماعی سادہ شادیاں، جہیز سے انکار، تقریب وائرل
شجاع آباد میں ایک ہی خاندان کے 9 نوجوانوں نے اپنی ہی 9 کزنز کے ساتھ اجتماعی طور پر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو کر ایک منفرد اور قابلِ تقلید مثال قائم کر دی ہے۔ یہ شادیاں نہایت سادگی کے ساتھ اور سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق منعقد کی گئیں، جن میں جہیز اور فضول اخراجات سے مکمل اجتناب کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق خاندان کے 9 نوجوانوں نے باہمی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ شادیوں کو سادہ رکھا جائے گا اور کسی بھی قسم کا مالی بوجھ لڑکی والوں پر نہیں ڈالا جائے گا۔ ان نوجوانوں میں محمد کاشف، محمد عاصم، محمد امین، محمد نعیم، محمد نوید، محمد راشد، محمد بلال، محمد شہباز اور محمد علی شامل ہیں جنہوں نے ایک ہی وقت میں اپنی قریبی رشتہ دار 9 کزنز سے نکاح کیا۔
دلچسپ اور منفرد بات یہ ہے کہ ایک ہی دن میں 9 باراتیں ایک ہی گھر میں آئیں اور تمام نکاح سادگی کے ساتھ انجام پائے۔ بعد ازاں ایک ہی دن اجتماعی ولیمہ بھی منعقد کیا گیا جس میں خاندان کے افراد، عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں جہاں خوشی اور جشن کا ماحول تھا، وہیں سادگی اور دینی اصولوں کی پاسداری نے بھی لوگوں کی توجہ حاصل کی۔ شرکاء کے مطابق یہ شادی محض رسم یا نمود و نمائش نہیں تھی بلکہ ایک سوچے سمجھے فیصلے کے تحت کی گئی مثال ہے تاکہ معاشرے میں شادیوں کو آسان اور کم خرچ بنایا جا سکے۔
دلہنوں کے اہلِ خانہ نے بھی اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ شادیوں کو سادہ رکھا جائے تو نہ صرف مالی دباؤ کم ہوتا ہے بلکہ معاشرتی مسائل میں بھی کمی آ سکتی ہے۔
یہ منفرد اجتماعی شادیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جہاں صارفین کی بڑی تعداد اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے موجودہ دور کے لیے ایک مثبت اور رہنما مثال قرار دے رہی ہے۔