کراچی (کیو این این) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ممتاز عالم دین اور جمعیت علمائے اسلام کے سابق رکن اسمبلی مولانا ادریس ترنگ زئی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ شاہد آفریدی نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر جاری ایک بیان میں کہا کہ مولانا محمد ادریس ترنگزئی کی بزدلانہ قاتلانہ حملے میں شہادت کی خبر سن کر ان کا دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی شہادت قبول فرمائے، درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
سابق کپتان نے مولانا ادریس کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علم و تقویٰ کا یہ روشن ستارہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث قاتلوں کو جلد از جلد بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ مولانا ادریس ترنگ زئی کو منگل کی صبح چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے گھر سے مدرسے کی جانب جا رہے تھے۔
واقعے کی تفصیلات کے مطابق گاڑی پر پیچھے سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مولانا ادریس شہید جبکہ ان کے ساتھ موجود دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ اس المناک واقعے کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی مردان میں درج کر لی گئی ہے جس میں فتنۃ الخوارج کو ملوث قرار دیا گیا ہے۔ علمی اور سیاسی حلقوں میں اس شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اسے ملک کے لیے ایک بڑا علمی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔