میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ)سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل اور تاریخی شہر میہڑ میں مبینہ مضر صحت دودھ کی چائے پینے سے ایک ہی گھر کے 16 افراد بے ہوش ہو گئے، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گل کالونی میں واقع واپڈا ملازم محمد صالح عباسی کے گھر میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اہلِ خانہ نے مبینہ طور پر مضر صحت دودھ والی چائے پی، جس کے فوراً بعد تمام افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ متاثرین میں محمد صالح عباسی، کاشف، عاطف، کامران، مسمات حرمت، مسمات سلمیٰ، مسمات عذرا، وسیم، 10 سالہ فضا اور 8 سالہ ردا سمیت دیگر شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع اور تھانہ اے سیکشن پولیس کے مطابق تمام متاثرہ افراد کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں واقعے کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ڈاکٹروں کی جانب سے متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ افراد میں سے دو خواتین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ چائے میں مضر صحت یا زہریلا مادہ کیسے شامل ہوا، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔