بیجنگ (کیو این این) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اپنے سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے خصوصی ملاقات کریں گے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس اہم ملاقات کے دوران خطے کی تازہ ترین صورتحال، علاقائی و بین الاقوامی سطح پر ہونے والی حالیہ پیش رفت اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر گفتگو ہو گی۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ چینی حکام کی خصوصی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ سفارتی حلقوں میں اس دورے کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ عباس عراقچی ایک ایسے وقت میں چین پہنچے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین میں محض ایک ہفتہ باقی ہے۔ اس دورے کا مقصد اہم عالمی تبدیلیوں کے تناظر میں چین اور ایران کے درمیان تزویراتی تعاون کو مزید گہرا کرنا اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے حکمت عملی وضع کرنا ہے۔