اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 716 مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس کیا اور مجموعی طور پر 748 افراد کو امدادی خدمات فراہم کیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق عید کے دنوں میں ریسکیو اہلکاروں نے چوبیس گھنٹے الرٹ رہتے ہوئے شہریوں کو فوری امداد فراہم کی۔
ظفر اقبال نے بتایا کہ متاثرہ افراد میں سے 279 کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ 394 مریضوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تاکہ انہیں بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں کی تیز رفتار کارروائیوں کے باعث متعدد قیمتی جانوں کو بچانے میں مدد ملی۔
رپورٹ کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران پیش آنے والی ایمرجنسیز میں 173 روڈ ٹریفک حادثات، 421 میڈیکل ایمرجنسیز، 10 آتشزدگی کے واقعات، 17 کرائم کیسز، 11 فال فرام ہائیٹ کے واقعات، 35 ریسکیو آپریشنز اور 48 پیشنٹ ٹرانسفر سروس کی ایمرجنسیز شامل تھیں۔ اعداد و شمار کے مطابق میڈیکل ایمرجنسیز کی تعداد سب سے زیادہ رہی، جبکہ ٹریفک حادثات بھی ایک بڑا چیلنج ثابت ہوئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے مزید بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر کے 35 سے زائد مقامات پر خصوصی ایمرجنسی کوریج فراہم کی گئی تھی۔ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاک-انڈو بارڈر، ہیڈ سلیمانکی پارک، پیپلی پہاڑ فارسٹ پارک سمیت مختلف تفریحی مقامات پر ریسکیو 1122 کی موٹر بائیک سروسز تعینات کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ نہروں، آبی گزرگاہوں اور دیگر حساس مقامات پر خصوصی پیٹرولنگ کے انتظامات بھی کیے گئے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ ظفر اقبال نے ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں اور ہر ایمرجنسی پر فوری ردعمل کو یقینی بنایا گیا۔