لاہور (کیو این این ورلڈ) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور کالے بادل چھانے کے بعد موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے، جس سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا تاہم بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ شہر میں سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 30 ملی میٹر، لکشمی چوک میں 26 ملی میٹر، چوک ناخدا میں 24 ملی میٹر اور مغلپورہ میں 23 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔
بارش اور ژالہ باری کے باعث لیسکو کا نظام درہم برہم ہو گیا اور 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لیسکو حکام اور چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ اس وقت ریجن میں سپلائی ڈیمانڈ کے مطابق ہے اور بارش رکتے ہی فیڈرز کی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب واپڈا ٹاؤن میں آندھی اور بارش کے باعث ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں رکشے پر دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو 1122 نے فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔ بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، تاہم گرمی کی شدت میں واضح کمی کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔