گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ کے علاقے عدیل ٹاؤن، کوٹ اسحاق میں معمولی رقم کے تنازع نے خونریز رخ اختیار کر لیا، جہاں مبینہ طور پر داماد نے فائرنگ کر کے اپنے سسر کو قتل کر دیا جبکہ ایک کمسن بچی زخمی ہو گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول افضل اپنے بیٹے شہروز کے ہمراہ نعمان مہر سے ترازو کا سامان لینے عدیل ٹاؤن گیا تھا۔ اسی دوران وہ اپنے بہنوئی ملک سلمان کے گھر کے قریب پہنچے، جہاں 3500 روپے کے لین دین کا معاملہ زیر بحث آ گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملک سلمان نے رقم کا تقاضا کرتے ہوئے تلخ کلامی اور گالی گلوچ شروع کر دی، جس پر مقتول افضل نے معاملہ رفع دفع کرنے اور فریقین کو سمجھانے کی کوشش کی۔
مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جھگڑے کے دوران سلمان کی والدہ شبانہ مبینہ طور پر گھر سے پستول لے کر آئیں اور اپنے بیٹے کو فائرنگ پر اکسایا۔ الزام ہے کہ اس کے بعد ملک سلمان نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں افضل موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
فائرنگ کے دوران قریب سے گزرنے والی 5 سالہ بچی سحر بھی گولی لگنے سے زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ شہروز فائرنگ سے محفوظ رہا۔
پولیس نے مقتول کے بیٹے شاہ زیب کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان واقعے کے بعد فرار ہو گئے ہیں اور پولیس ان کی گرفتاری کے لیے مزید وقت مانگ رہی ہے۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔