عید الاضحیٰ: بلوچستان کی شاہراہوں پر 471 حادثات، 15 افراد جاں بحق

کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) عید الاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر 471 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 15 افراد جاں بحق اور 698 زخمی ہو گئے۔

ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق عید کے تعطیلاتی ایام میں بلوچستان بھر کی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی بڑی تعداد سامنے آئی، جن میں مختلف مقامات پر جانی نقصان بھی ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ کے وندر لسبیلہ سیکشن پر 23 حادثات پیش آئے جن میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 34 مسافر زخمی ہوئے۔ اسی طرح گدر سوراب سیکشن پر 17 مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سرانان پشین سیکشن پر 14 حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ دیگر حادثات بلوچستان کی مختلف قومی شاہراہوں پر پیش آئے جن میں زیادہ تر تیز رفتاری، اوورلوڈنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو بنیادی وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔

ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ متعدد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے