رینالہ خورد(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چک 23 ٹو ایل میں قائم مربہ جات یونٹ پر چھاپہ مار کر ساڑھے 12 من فنگس زدہ مربہ جات تلف کر دیے جبکہ فوڈ بزنس مالک کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر معیاری خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے رینالہ خورد کے نواحی گاؤں چک 23 ٹو ایل میں قائم مربہ جات یونٹ کی چیکنگ کے دوران بھاری مقدار میں فنگس اور حشرات زدہ مربہ جات برآمد کیے۔
معائنہ کے دوران خوراک کی اسٹوریج کے لیے کیمیکل ڈرموں کا استعمال کیا جا رہا تھا جبکہ یونٹ کا فرش اور دیواریں بھی آلودہ پائی گئیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے سینکڑوں کلو غیر معیاری مربہ جات تلف کرکے مالک کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ خوراک کی تیاری اور اسٹوریج کے دوران غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔