ڈیرہ غازیخان(کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) ایس ایس پی پٹرولنگ رانا جان محمد کی زیر صدارت ریجنل آفس میں ایک اہم زوم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ڈی ایس پی پٹرولنگ عبدالمجید مستوی سمیت تمام برانچ انچارجز اور چیک پوسٹ انچارجز نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران پٹرولنگ پولیس کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سیکیورٹی صورتحال، گشت کے نظام اور چیک پوسٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ایس ایس پی پٹرولنگ رانا جان محمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ محکمہ میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
انہوں نے تمام افسران و اہلکاروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنی ڈیوٹیاں ایمانداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔
ایس ایس پی نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس کا بنیادی مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں بروقت سہولیات کی فراہمی ہے، لہٰذا تمام چیک پوسٹس پر شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور قانون کے مطابق رویہ اختیار کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ عوامی شکایات یا کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
میٹنگ کے اختتام پر عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور پٹرولنگ نظام کو فعال بنانے کے حوالے سے اہم ہدایات بھی جاری کی گئیں۔