اوکاڑہ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) دیپالپور گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول میں جدید کمپیوٹر لیب کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جہاں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ایم پی اے ملک علی عباس کھوکھر نے کمپیوٹر لیب کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں، اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ، میاں مختیار وٹو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سکول کو 20 جدید طرز کے کمپیوٹرز فراہم کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب شعبہ تعلیم میں بہتری کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی سے طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم کے حصول میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جدید کمپیوٹر لیب کا مقصد طلبہ کو کمپیوٹر کے عملی استعمال میں مہارت فراہم کرنا ہے۔
ایم پی اے ملک علی عباس کھوکھر نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپیوٹر لیب کے قیام سے دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کی راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ 20 کمپیوٹرز محض مشینیں نہیں بلکہ بچوں کے روشن مستقبل کی چابیاں ہیں۔ سرکاری سکولوں کے طلبہ بھی مستقبل میں سافٹ ویئر انجینئرنگ اور آئی ٹی کے میدان میں اپنا نام پیدا کریں گے جبکہ آئندہ دیگر سرکاری سکولوں میں بھی جدید کمپیوٹر لیبز قائم کی جائیں گی۔