گوجرہ( کیو این این ورلڈ /نامہ نگار عبد الرحمن جٹ سے) ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کے احکامات کی روشنی میں ریجنل پاسپورٹ آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جلد کیش لیس پاسپورٹ فیس کا نظام متعارف کرایا جائے گا جبکہ شہریوں کو رش، لمبی لائنوں اور قطاروں سے بچانے کیلئے گھر بیٹھے آن لائن سہولت بھی جلد فراہم کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ حیدر علی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سرپرست پریس کلب ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد آصف حسین رانا اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ڈاکٹر لیاقت کامران بھی موجود تھے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر حیدر علی نے کہا کہ ریجنل پاسپورٹ آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شفافیت، نظم و ضبط، میرٹ اور سرکاری قواعد و ضوابط پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ شہریوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹاؤٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے اور عوام کو لوٹنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی شہری سے پاسپورٹ کے سلسلے میں اضافی یا غیر قانونی رقم طلب کی جائے تو وہ فوری طور پر براہ راست ان سے رابطہ کرے، شکایت کنندہ کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پاسپورٹ سے متعلق تمام امور صرف سرکاری طریقہ کار کے تحت مکمل کروائیں اور کسی غیر متعلقہ شخص یا ایجنٹ کے جھانسے میں نہ آئیں۔
صحافیوں سے ملاقات کے دوران شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مسائل، عوامی سہولیات، سائلین کی رہنمائی، شکایات کے فوری ازالے اور سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صحافیوں نے عوامی مفاد، ادارہ جاتی بہتری اور شہری سہولیات کے فروغ کیلئے مثبت اقدامات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر حیدر علی نے کہا کہ ریجنل پاسپورٹ آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو مثالی عوامی خدمت کا ادارہ بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔