رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار) پنجاب حکومت کی جانب سے رینالہ خورد شہر میں اربوں روپے کی خطیر گرانٹ سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات شہر کے اہم مقامات پر آویزاں نہ ہو سکیں، جس کے بعد سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کے احکامات ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں سیوریج، ٹف ٹائل، سڑکوں کی تعمیر اور بارشی پانی کو سٹور کرنے کے لیے زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر سمیت متعدد اربوں روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ ان مذکورہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیرات میں شفافیت، کام کی رفتار اور میٹریل کے مطلوبہ معیار کے استعمال کو چیک کرنے کے لیے ایک ہفتہ قبل سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد زمان لک نے آبادی اعظم ٹاؤن سمیت دیگر مقامات کا سرپرائز وزٹ کیا تھا۔
اس سرپرائز وزٹ کے دوران میڈیا اور صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی علیم اللہ چودھری (صدر رینالہ پریس کونسل رجسٹرڈ) نے سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد زمان لک کی توجہ ایک اہم معاملے کی طرف مبذول کروائی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان جاری تعمیراتی کاموں کے حوالے سے تمام تر تفصیلات شہر کے اہم مقامات پر آویزاں کی جائیں تاکہ عوام کو شفافیت کا پتہ چل سکے۔ اس عوامی مطالبے پر شاہد زمان لک نے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور دیگر ذمہ داران کو سخت احکامات جاری کیے تھے کہ وہ منصوبوں کی تفصیلات شہر کے نمایاں مقامات پر آویزاں کریں۔
تاہم، ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے ان واضح احکامات کو مقامی انتظامیہ اور ذمہ داران نے ہوا میں اڑا دیا ہے اور تاحال شہر کے کسی بھی اہم مقام پر ترقیاتی منصوبوں کا کوئی بورڈ یا تفصیلات آویزاں نہیں کی گئیں ہیں۔ انتظامیہ کی اس روش سے تعمیراتی کاموں کے معیار اور شفافیت پر متعدد سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ مقامی صحافیوں اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔