میہڑ (کیو این این ورلڈ / رپورٹ منظور علی جوئیہ) میہڑ کے قریب گاؤں لونگ مہیسر میں مہیسر برادری کے دو گروپوں کے درمیان زمین کی ملکیت کے تنازع پر ایک ہولناک اور خونریز تصادم ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد معاملہ اس قدر بگڑا کہ لاٹھیوں، ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں زوہیب مہیسر، محبوب مہیسر، جاوید مہیسر اور رقیب مہیسر سمیت 4 افراد لہولہان ہو کر شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد اہل برادری اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تمام زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ابتدائی طبی امداد تو فراہم کی لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اور حالت تشویشناک ہونے کے پیشِ نظر انہیں فوری طور پر لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق اس وقت بھی گاؤں میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، دونوں گروپ ایک دوسرے کے سامنے مورچہ بند ہیں اور علاقے سے دوبارہ فائرنگ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ اس خونی واقعے کو 2 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود میہڑ پولیس اور قاضی عارف پولیس تاحال موقع پر نہیں پہنچی ہے، جس کی وجہ سے اہل علاقہ شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں اور مزید خونریزی کا بڑا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت اور نفری بھیجنے کی اپیل کی ہے۔