رینالہ خورد ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) رینالہ خورد میں اتائیوں کی مبینہ لاپرواہی اور غلط کاری کے نتیجے میں ایک کمسن بچہ نہ صرف شدید زخمی ہو گیا بلکہ عمر بھر کے لیے سنگین معذوری کا شکار ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اتائیوں نے ختنے کرنے کے دوران غلط انداز میں کٹ لگا کر کمسن بچے کے آلہ تناسل کی اہم رگیں کاٹ دیں۔ رگیں کٹنے سے بچے کو شدید طبی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا، جس سے وہ زندگی بھر کے لیے مردانہ صفات سے محروم ہو گیا ہے۔
اس سنگین واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے باقاعدہ انکوائری کا آغاز کیا۔ انکوائری کے دوران تمام شواہد اور طبی رپورٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے تینوں اتائیوں کو گناہ گار قرار دے دیا۔
پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے جرم ثابت ہونے پر تینوں اتائیوں پر مجموعی طور پر 3 لاکھ روپیہ جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ دوسری جانب بچے کی والدہ نازیہ بی بی کی درخواست پر تھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید قانون کے مطابق اقدام شروع کر دیا ہے۔
